ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے ماڈل ٹاؤن کے شہید اقبال کے اہل خانہ کیلئے پانچ مرلے کا گھر‎

گھر کی چابیاں مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے دیں، شرکائے تقریب آبدیدہ ہو گئے
شہدا کے عظیم لواحقین نے حکومت کے کروڑوں کی پیشکش کو پاؤں کی ٹھوکر مار دی، رہنماؤں کا تقریب سے خطاب‎

لاہور (یکم جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اور سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے چونگی امر سدھو میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہید محمداقبال کے اہل خانہ کو نو تعمیر شدہ پانچ مرلے کے گھر کی چابیاں دیں۔ اس موقع پر ناظم لاہور حافظ غلام فرید، ثاقب بھٹی، ڈاکٹر تنویر اعظم، ساجد اصغرو دیگر کارکنان موجود تھے۔ شہید محمد اقبال کے اہل خانہ گھر کی چابیاں وصول کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ سے ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے بچوں کی طرح سلوک کر رہے ہیں۔ شہداء کے اہل خانہ کی کفالت کا جو عزم کیا تھا اسے پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ شہدا کے اہل خانہ نے حکمرانوں نے کروڑوں روپوں کی پیشکش کو پاؤں کی ٹھوکر مار دی اور شہدا کے اہل خانہ بھی شہیدوں کی طرح پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف لینے کیلئے ہر حد تک جائینگے، ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری اسی ماہ پاکستان آ جائینگے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ شہدا کے لواحقین عزم، صبر اور قربانی کی قابل فخر مثال ہیں ہم ان شہدا کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ ایک قاتل کو دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کیلئے حاصل کی گئی اس جے آئی ٹی کی تشکیل کا مقصد اور مینڈیٹ بھی یہی تھا ابھی تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تفتیش کا آغاز نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل جتنے بھی با اثر کیوں نہ ہوں قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔شہید اقبال کے اہل خانہ نے کفالت کا وعدہ پورا کرنے اور گھر دینے پر ڈاکٹر طاہرالقادری کا شکریہ ادا کیا اور انکی صحت یابی کیلئے دعا کی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ ظلم اور نا انصافی کے خاتمے کیلئے ہم سب جانی و مالی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔

تبصرہ