عالمی سادات کونسل کے سیکرٹری جنرل سید شہزاد نقوی کا ساتھیوں سمیت عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان

پاکستان کو مشکل حالات تک پہنچانے والا کوئی اور نہیں کرپٹ سیاستدان اور فرسودہ نظام ہے: ڈاکٹر رحیق عباسی
عوامی تحریک گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی

اسلام آباد (28 اپریل 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ان مشکل حالات تک پہنچانے والا کوئی اور نہیں کرپٹ سیاستدان اور فرسودہ نظام ہے۔ جس ملک کو جنوبی ایشیاء کا حقیقی لیڈر ہونا چاہیے تھا اس کو معاشی اور سیاسی لحاظ سے اس قدر کمزور بنا دیا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کرنے میں آزاد بھی نہیں رہا۔ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے۔ ہر سطح پر ون مین شو کاخاتمہ کر کے اداروں کو مضبوط بناناعوامی تحریک کامشن ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز عالمی سادات کونسل کے سیکرٹری جنرل سید شہزاد نقوی کی ساتھیوں کے ہمراہ عوامی تحریک میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عالمی سادات کونسل کے سیکرٹری جنرل شہزاد نقوی نے اپنے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے دوست اور دشمن کی پہچان کریں اور ملک کی تقدیر کو بدلنے کے لئے پاکستان عوامی تحریک کی انقلابی قیادت کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر بریگیڈیر (ریٹائرڈ) مشتاق لِلہ صدر شمالی پنجاب، مرکزی نائب صدر عوامی تحریک یوتھ ونگ مظہر علوی، ضلعی صدر نعیم سلطان کیانی، راشد کلیامی، میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان، قاضی شفیق، امجد عباسی، اور دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام امانت، دیانت، ستھری سیاست، آئین و قانون اور عدل و انصاف کے دشمن موجودہ کرپٹ سیاستدانوں کو مسترد کر دیں۔ قوم کو بلدیاتی الیکشن میں کھرے اور کھوٹے کی پہچان کرنا ہوگی۔ قوم کو ملکی مفاد میں فیصلہ کرنا ہونگے۔ معصوم لوگوں کے قاتلوں کو ووٹ دینے کی بجائے قوم شعور و آگہی کی چھتری تلے جمع ہوکر کرپٹ سیاسی مافیا سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ، جمہوریت میں حکمران عوام کے سامنے جواب دہ ہوتے ہیں۔ بنیادی مسائل کے حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور عوام دشمن نظام سے نجات کے لئے عوام بلدیاتی انتخابات میں عوامی تحریک کاساتھ دیں۔

عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لئے مشاورت کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے لئے مختلف سطحوں پر رابطوں، میٹنگز اور مشاورتی عمل جاری ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کا دس نکاتی عوامی، فلاحی انقلابی ایجنڈا بلدیاتی انتخات میں عوامی تحریک کامنشور ہوگا۔ نااہل حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی کے باعث ہر دن عوام پر کوئی نئی قیامت ٹوٹتی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک عوام کو ظالمانہ نظام سے نجات کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوںنے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کی نااہلی اور جعلی جمہوریت کانتیجہ ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کے گلے کاپھندا بن کر رہے گا۔

تبصرہ