غریبوں کے حقوق کے حصول تک انقلابی جنگ جاری رہے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری


اسلام آباد: ڈاکٹر طاہرالقادری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کر رہے ہیں

اسلام آباد: ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام کے خلاف انقلابی جنگ بھی جاری رہے گی اور سیاسی محاذ پر بھی ان کا مقابلہ کیا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت میں انقلاب مارچ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے سیلاب زدگان کو ایک دھیلا نہیں دیا صرف فوٹو سیشن کرا کر آگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کے ساتھ بھی دھوکہ کیا گیا ان کی رجسٹریشن صرف ٹی وی شو ہے، شمالی وزیرستان کے لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں دیا گیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ میں نے دو سال پارلیمنٹ میں بیٹھ کر دیکھا لیکن وہاں کسی قسم کی آزادی نہیں تھی، لوگوں نے کہا کہ اس وقت آمر کی حکومت تھی لیکن سیاسی لوگ آمر سے زیادہ بدتر ثابت ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال تک سینٹ کے اراکین وزیراعظم کی راہ تکتے رہے، قرار داد بھی منظور کی لیکن وزیراعظم پارلیمنٹ نہیں گئے اور گئے تو انقلاب مارچ کے شرکاء کے عوامی دباؤ پر پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اجلاس میں مسلسل شریک رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دھرتی کی کوئی ماں ایسے فرزند پیدا نہ کرسکی جیسے پاکستان عوامی تحریک کے کارکن ہیں، ان کےعزم و استقامت کا زمین و آسمان بھی گواہ ہیں اور پاکستان کے عوام بھی ان کے حوالوں کے شاہد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انتخابی جنگ کا موقع سالوں میں ایک بار آتا ہے جب کہ انقلابی جنگ ہر روز جاری رہتی ہے کسی کو یہ مغالطہ نہ رہے کہ انقلاب کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ غریبوں کے حقوق کے حصول تک انقلاب کا سفر جاری رہے گا۔

ذرائع: اے آر وائی نیوز

تبصرہ